بنگلورو25؍فروری (ایس او نیوز) ایرو انڈیا فضائی مظاہرہ کے دوران پیش آئے آگ حادثہ میں سینکڑوں کاریں جل کر تباہ ہوگئیں ،یہ انتہائی المناک واقعہ ہے۔پارکنگ لاٹ میں نہ صرف کار یں جلیں بلکہ ان میں رکھی گئیں دستاویزات اور قیمتی اشیاء بھی خاکستر ہوگئیں، عوام کو اپنی ناکردہ خطا سے لاکھوں روپئے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ اس کیلئے ریاستی حکومت اور ریاستی وزیر داخلہ راست ذمہ دار ہیں ۔ ان خیالات کااظہار ریاستی بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس یڈ یورپا نے کیا ۔
ملیشورم کے بی جے پی دفتر میں اخباری کانفرنس سے انہوں نے کہا کہ کتنا بھی چھوٹا پروگرام کیوں نہ ہو اس کیلئے آگ حادثات سے بچاؤ کا نظم کیا جاتاہے ۔ لیکن ایرو انڈیا شو کے مقام پراس قسم کاکوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا ۔ پولیس محکمہ کی ناکامی کایہ حادثہ واضح ثبوت ہے۔ سواریوں کی پارکنگ کیلئے مقام طے کرنے کی ذمہ داری ٹرافک پولیس کے کندھوں پر تھی ، پارکنگ کا مقام طے کرنے کے بعد فائر بریگیڈ افسروں کی جانب سے اس مقام کامعائنہ کرتے ہوئے این او سی جاری کیا جانا چاہئے تھا۔ یہ ذمہ داری ادا کرنے میں بھی ریاستی حکومت ناکام رہی ۔ انہوں نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح کے ایر شو میں چھوٹی سی غلطی بھی ملک کی بدنامی کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ خیال نہ پولیس کورہا نہ ٹرافک پولیس کو ۔ وزیر داخلہ کی جانب سے صرف کاریں جلنے اور جانی نقصان نہ ہونے کا بیان جاری کرنا قابل افسوس ہے ۔ سینکڑوں کاروں کاجلنا قومی نقصان ہے ۔ وزیر داخلہ کو اس کا احساس بھی نہیں ہوا ہے ۔
ریاستی راجدھانی بنگلور میں ہورہے اس اہم ترین پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس چلا کر درکار احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرنا وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کا کام تھا ۔لیکن دونوں اس معاملہ میں کوتاہی کاشکار ہوئے۔ ایڈی یورپا نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت آگ کی لپیٹ میں آئے کاروں کے مالکوں کو بیمہ رقم کے ساتھ معاوضہ رقم بھی جاری کرے ، اس حادثہ کی اعلیٰ تحقیق کروائی جائے ۔ نظم و انصرام میں ناکام خاطی افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔